A Journey From Being to becoming

ھونے سے بننے کا سفر !
اللہ پاک نے کائنات کی ھر چیز کا مستقبل طے کر دیا ھے جسے وہ چاھے تو بھی تبدیل نہیں کر سکتا ،،،، سوائے حضرتِ انسان کے ،،،،،،، اس پہ اعتماد کرتے ھوئے برش خود اس کے ھاتھ میں پکڑا دیا گیا ھے کہ لو جی اپنی زندگی میں خود رنگ بھرو اور اپنی تصویر خود بناؤ ،، تمہاری صورت تو ھم نے بنا دی ھے اور اپنی مرضی کی بنائی ھے ، قوم ،ملک ،قبیلہ بھی ھم نے طے کر دیا ھے ،،مگر سیرت بنانے کے لئے تمہیں کھُلی چھُٹی دے دی گئ ھے ،ھم مداخلت نہیں کریں گے ،، ھمارے اولوالعزم رسول نوح علیہ السلام کا بیٹا اور بیوی بھی اگر بگڑنا چاھیں تو بگڑ لیں ھم اپنے نبی کی شان پر داغ لگنے کے بہانے کوئی مداخلت نہیں کریں گے – ھم ابوالانبیاء ابراھیم خلیل اللہ علیہ السلام کے والد آزر پر بھی زبردستی نہیں کریں گے ،، ان کے بھتیجے لوط علیہ السلام کی بیوی کو بھی بگڑنے دیا اور مداخلت نہیں کی ،،،،،،، نبیوں کے نبی ،، خاتم الانبیاء محمد رسول اللہ ﷺ کے تایا ابولہب کو مسلمان کرنے کے لئے بھی ھم نے کوئی مداخلت نہیں کی ،،، ھم جو فیصلہ کر لیتے ھیں چونکہ وہ نہایت حکمت کے ساتھ کیا جاتا ھے لہذا وہ بار بار تبدیل نہیں کیا جاتا ،،
ایک بکری کے بارے میں طے کر دیا گیا ھے کہ وہ مر جائے گی مگر گوشت نہیں کھائے گی ،، ایک شیر کے بارے میں طے کر دیا گیا ھے کہ وہ مر جائے گا مگر گھاس نہیں کھائے گا ،، مگر ایک انسان کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ کیا کھا لے گا ، گرچہ اسے کھانے اور نہ کھانے والی اشیاء اچھی طرح بتا دی ھیں مگر سب کچھ کھانے کے لئے کھُلا بھی چھوڑ دیا گیا ھے، یہی معاملہ دیگر پابندیوں کے بارے میں بھی ھے ،، من شاء فلیومن و من شاء فلیکفر ،،
انسان ھر لمحہ اپنی تصویر بنا رھا ھوتا ھے یا بگاڑ رھا ھوتا ھے ،، ایک حدیث کے مطابق جب انسان کا عمل ایک صورت اختیار کر لے گا تو انسان خود بھی اپنے آپ کو دیکھ کر حیران رہ جائے گا ،، جن باتوں کا حکم اللہ پاک نے دیا ھے انسان وہ کر سکتا ھے تب ھی دیا ھے ،،کیونکہ اللہ کی سنت ھے کہ وہ کسی کو وہ حکم دیتا ھی نہیں جو کوئی کر نہ سکے ، لا یکلف اللہ نفساً الا وسعھا ،، اسی طرح جن چیزوں سے اللہ پاک نے روکا ھے ،، انسان ان سے رک سکتا ھے اسی لئے اس کو روکا ھے ،، علم الاخلاقیات میں کہا جاتا ھے کہ ” اگر کوئی کسی کام کو کر سکتا ھی نہیں تو اس سے مطالبہ کرنا کہ وہ اس کام کو کرے ایک لایعنی بات ھے ،، کسی سے مطالبہ کرنا اسی وقت منطقی ھو گا جب وہ اس مطالبے کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ھو ،،
There would be no meanings in an ought if it were not accompanied By a "Can”
انسان کا یہ ” ھونے سے بننے ” کا سفر انتہائی اھم ھے ،اس کی آخری سانس فیصلہ کرے گا کہ وہ کیا بنا تھا ،، آج بھی کچھ نہیں بگڑا ، برش آج بھی ھمارے ھاتھ میں ھے ، آج بھی اس تصویر کو درست کیا جا سکتا ھے ،،