میدان چھوڑ دیجئے

آدھے سر کا درد عرف دردِ شقیقہ ،، شقیق بھائی کو اور شقیقہ بہن کو کہتے ھیں، انسان کا دماغ اخروٹ کی طرح دو حصوں میں ھوتا ھے جو درمیان سے شق ھوئے لگتے ھیں ،، یہ اسی وجہ سے بھائی کہلاتے ھیں ، خیر ایک بھائی کو درد شروع ھوتا ھے جو کہ میڈیکل کی زبان میں Migraine کہلاتا ھے , یہ درد اچانک شروع نہیں ھوتا بلکہ ایک دو گھنٹے پہلے موڈ بناتا ھے ، گردن کے پچھلے حصے میں اکڑن پیدا ھونا شروع ھوتی ھے جو سر کو دائیں بائیں گھمانے سے محسوس ھوتی ھے ، یہ وہ وقت ھے جب اس کو قابو کیا جا سکتا ھے ،فوراً ” Migril یا Cafergot ، گولی کھانے سے فورای آرام آ جاتا ھے ،، اگر گولی وقت پہ نہ کھائی جائے اور اٹیک شروع ھو جائے تو اب گولی کا کوئی فائدہ نہیں ،، اب ایک کام کیجئے کہ واش روم کے مکسچر میں قابلِ برداشت گرم پانی کو سیٹ کر لیجئے اور سر اس کے نیچے رکھ کر پانی کو سر کی ” ٹوٹری ” پر گرایئے جہاں سے وہ گردن اور آگے دونوں طرف گرے اور دونوں ھاتھوں کی انگلیوں سے اپنے سر کی مساج کیجئے ،، پندرہ منٹ کے بعد ان شاء اللہ درد واجبی سا رہ جائے گا ،،، مگر آپ کوشش کیا کریں کہ جونہی اس کے آثار یعنی ٹینشن شروع ھو گولی کھا لیا کریں ،، گھر کی ٹینشن بھی آدھے سر کے درد کی طرح اچانک شروع نہیں ھوتی ، بلکہ اس کے کچھ آثار ھوتے ھیں ، جب موڈ آف ھونا شروع ھو ، ایک دوسرے کی آواز زھر لگنا شروع ھو جائے ،، سوال کا جواب دینا گراں گزرے تو ،،،،،،،،،،،، میدان چھوڑ دیجئے ،، یا تو شوھر باھر نکل جائے ، کیفیٹیریا پہ چائے وائے پی کر آئیں گے ، وھاں کسی سے کرکٹ یا سیاست پہ بات ھو گی تو آپ کی ٹینشن ختم ھو جائے گی ،، کسی بھی مسئلے کو حل ھونے کے لئے وقت دیں ، ٹینشن بھی پیپسی کی طرح ھوتی ھے ،جونہی گلاس میں ڈالو تو اسے جھٹ سے جھاگ سے بھر دیتی ھے اور لگتا ھے کہ اس کو ایڈجسٹ کرنے کے لئے گلاس میں اسپیس ھی باقی نہیں، بس تھوڑی دیر صبر کریں جھاگ بیٹھنے کی دیر ھے آدھے سے زیادہ گلاس خالی ھوتا ھے ، آپ دیکھیں گے کہ وہ ٹینشین جو آپ کو کوہ ھمالیہ لگ رھی تھی ،، وہ کیفیٹیریا سے واپسی پہ شکرپڑیاں لگنا شروع ھو جائے گی ، اگر آپ کے پاس کیفیٹیریا کے پیسے نہیں تو ” کوئی گل نئیں ” گھر کے قریب مسجد تو ھو گی ناں ؟ وھاں اپنی مسجد کے امام کو گھیر لیجئے ، امام کو گھیرنے کی کوئی خاص مخصوص جگہ نہیں وہ آپ کو نائی کی دکان ،سپر مارکیٹ یا دونوں ھاتھوں میں شاپر پکڑے سڑک کراس کرتا بھی مل جائے تو ” مولوی صاحب اک چھوٹا جناں مسئلہ ھے ” کہہ کر وھیں پکڑ کر کھڑا کر لیجئے ،،
عورت کو چاھئے کہ وہ اپنی کسی سہیلی کے گھر چلی جائے ، مگر جانے سے پہلے سینک برتنوں سے بھرنا نہ بھولے ،، ڈیپریشن کی ھر قسم کا بہترین اور فوری علاج برتن دھونا ھے ،مگر شرط یہ ھے کہ برتن کھڑے ھو کر دھوئے جائیں ،، بیٹھ کر برتن دھونے سے مرد میں آئستہ آئستہ عورت پن نمایاں ھونا شروع ھو جاتا ھے ،، اور ایک گھر میں ایک ھی عورت رہ سکتی ھے ،، جب وہ سہیلی کے گھر سے کھیل کود کر واپس آئے گی تو برتنوں کی طرح شوھر کا مزاج بھی صاف ستھرا ھو چکا ھو گا ، بلکہ ھو سکتا ھے وہ آپ کے آنے سے پہلے ھی آپ کو بار بار فون کرنا شروع کر دے کہ ” کب آنا ھے ؟ میں لینے آ جاؤں ،، مگر آپ گھر واپسی سے پہلے پرویز رشید صاحب کے لہجے میں یہ تصدیق کرنا مت بھولیں کہ ” برتن دھو دتے جے ؟
( نوٹ ،، سر کی ٹوٹری وہ جگہ ھے جہاں بال گول دائرہ بناتے ھیں اور مرد انسان عموماً وھیں سے گنجا ھونا شروع ھوتا ھے )