خود کلامیاں !!

میں جب پہلے دن فیس بک پہ بیٹھا تھا تو بہت کلیئر ھو کر بیٹھا تھا کہ میں کیا کروں گا اور کن کے لئے کرونگا ،،،،،،،،،،،،
عام آدمی کی ایک انگلی اگر محسوس کرنے کی حس کھو دے تو ڈاکٹر کو کافی تشویش ھوتی ھے کہ کہیں گنگرین تو نہیں ھو گئ ،، مگر فالج کے مریض کی صرف ایک انگلی حرکت شروع کر دے تو ڈاکٹرز اس کو بشارت دیتے ھیں کہ الحمد للہ خوشی کی خبر ھے آپ ٹھیک ھو رھے ھیں ،،،
میں نہ تو علماء سے مناظرے کرنے آیا تھا اور نہ ان کے علم میں اضافے کی نیت سے لکھتا ھوں ،، میں تو اپنے نبی ﷺ کی ان کھوئی ھوئی بھیڑوں کی تلاش میں نکلا تھا کہ بھیڑیئے جن کے تعاقب میں تھے ، میری دیوار پر لکھے جانے والے مضامین کا ایک ایک حرف انہی کے لئے لکھا جاتا ھے ،، دوسروں کا استفادہ ضمنی اور فروعی چیز ھے ،،،
ھمارے علماء نوجوانوں کو عبداللہ بن عمرؓ اور عبداللہ بن عباسؓ کے ساتھ ناپ ناپ کر ملحد و زندیق و ضال قرار دیتے ھیں اور میں ان نوجوانوں کو بشیر استرا ،ایاز نظامی اور غلام رسول جیسے ملحدین کے ساتھ ناپ ناپ کر مسلمان قرار دیتا ھوں ظاھر ھے جب پیمانے مختلف ھونگے تو سوچ بھی مختلف ھو گی اور نتائج بھی مختلف ھونگے ،، اور ان کے تشکیکی سوالات کو بیماری سمجھتا ھوں اور ان کا سوال پوچھ لینا میرے نزدیک ان کا صحت کی طرف مثبت قدم ھے ،، سوال پوچھنا بتاتا ھے کہ ابھی وہ تذبذب کا شکار ھے ،ہاتھ پاؤں مار رھا ھے کہ کوئی اسے ڈوبنے سے بچا لے ، ابھی الحاد کی بارڈر پہ کھڑا ھے ، میں اسے جس حد تک ممکن ھے ڈسکاؤنٹ پیکیج دینا چاھتا ھوں ، یہ پرھیزی پیکیج ھے ،ایک مریض کے لئے پرھیزی غذا ھے ، نارمل پیکیج نہیں ھے ،، وہ جھنم کے گڑھے کے کنارے کھڑا ھے ، دین کو اس کے لئے پرکشش بنانا ھے تو وہ دین کی طرف پلٹے گا ،، اللہ سے پیار ھو گا تو اس کی طرف لوٹے گا ، نبی ﷺ کے بارے میں پیدا کردہ کراھت ختم ھو گی تو وہ نبی پر ایمان لائے گا ،، جو جو حدیث اسے نبی سے متنفر کرتی ھے ، میں اسے کہتا ھوں کہ وہ بے شک اس کو نہ مانے ،، اس سے اس کے ایمان بالرسالت پہ کوئی فرق نہیں پڑتا ،، اللہ کے رسول ﷺ نے تو اس شرط کو بھی قبول فرما کر نوجوان سے اسلام کی بیعت لے لی کہ وہ مسلمان تو ھو جائے گا مگر شراب نہیں چھوڑے گا ،، آپ ﷺ نے فرمایا کہ ایمان تو چکھ لے ،ایمان خود چھڑوا لے گا ،ایک نوجوان کا مجرد اللہ اور اس کے رسول ﷺ پر ایمان بھی میرے نزدیک بڑی اچھی پیش رفت ھے ،، جو علماء میری فرینڈ لسٹ میں موجود ھیں اگر ان میں سے کچھ جاسوسی کے لئے بیٹھے ھیں تو اس کی ضرورت نہیں ،، چھپ کر کرنے والے کی جاسوسی کی جاتی ھے علی الاعلان کرنے والے کی جاسوسی کی کوئی ضرورت نہیں ھوتی ،، وہ دوسروں کے لئے جگہ خالی کر دیں ،، جن کو میرے مضامین سے تکلیف ھوتی ھے وہ اپنے آپ کو کیوں اذیت میں ڈالتے ھیں ،،؟ اگر وہ میری اصلاح چاھتے ھیں تو سوچ سمجھ کر کرنے والے کی اصلاح ممکن نہیں ھوتی ،، آنکھیں کَس کر باندھنے والے بہت سارے پیج موجود ھیں وہ وھاں لکھا کریں اور اپنے حصے کی پٹی ضرور باندھ کر آئیں ،یہاں پٹیاں کھولی جاتی ھیں ، آپ کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ھو گی ،،